توشہ خانہ ریفرنس :بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Jul 14, 2024 | 12:25 PM

ایک نیوز: وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کے لیے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی گرفتاری کے معاملے پر نیب ٹیم کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا  کی گئی جس کو منظور کر لیا گیا ہے۔

توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کا جسمانی ریمانڈ بڑھا کر 8دن کا کر دیا گیا،وکیل صفائی ظہیر عباس چوہدری نے کہا کہ 20جولائی کو 190ملین پائونڈ ریفرنس کی سماعت ہے اس لیے ریمانڈ بڑھایا۔
دونوں ملزمان کو 22جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائیگا ،پہلے عدالت نے 6روزکا جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا ،ریفرنس میں دونوں پر توشہ خانہ سے جیولری سیٹ خرید کر بیچنے کا الزام ہے،جیولری سیٹ کی کل مالیت 7کروڑ 50لاکھ روپے بنتی ہے۔

وکلاء صفائی کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی گئی، جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے محفوظ کیا تھا۔
وفاقی حکومت کے مطابق توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کے لیے جیل ٹرائل کا اعلامیہ نیب آرڈینینس 1999کے سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر نیب عدالت اگر ضروری سمجھتی ہے تو بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کا ٹرائل جیل میں کرے۔
جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن سے متعلق بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد علی وڑائچ اڈیالہ جیل پہنچ گئے ، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلاء بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئے، ملزمان کی جانب سے ایڈووکیٹ چوہدری ظہیر عباس اور عثمان گل عدالت میں پیش ہوں گے۔    
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کے معاملے پر لاہور پولیس کے 11 افسران پر مشتمل ٹیم بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔
جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل پہنچنے والی لاہور پولیس ٹیم 10 انسپکٹرز پر مشتمل ہے،انسپکٹر اسلم، انسپکٹر اشرف، انسپکٹر محمد نواز، انسپکٹر رانا اکمل بھی ٹیم بھی شامل ہیں،لاہور پولیس کی ٹیم اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 سے اندر داخل ہو ئی۔    
لاہور پولیس ٹیم سانحہ 9 مئی کے لاہور میں درج مقدمات کی تفتیش کرے گی ،لاہور پولیس ٹیم گزشتہ روز بھی اڈیالہ جیل پہنچی تھی، بانی پی ٹی آئی کی سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں ضمانتیں اس سے قبل ہی خارج ہو چکی ہے، لاہور پولیس ٹیم لاہور میں درج 3 مقدمات میں بانی پی ٹی سے تفتیش کرے گی۔

دوسری جانب بعد ازاں نئے توشہ خانہ ریفرنس سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی نے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ میری بیوی کا توشہ خانہ سے کچھ لینا دینا نہیں، جیل میں چار مرتبہ قرآن پڑھا ہے ،اس میں ججز  پر اللہ نے بہت ذمہ داری ڈالی ہے، بشریٰ بی بی کو صرف مجھے اذیت پہنچانے کے لیے جیل میں ڈال رکھا ہے میری بیوی کوانتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جا ریا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے جیل میں ڈالیں میری بیوی کو چھوڑ دیں،  سابق وزیراعظم کو رات 12 بجے بتایا جاتا ہے صبح نیا کیس لگے گا، پہلے جس ریفرنس میں سزا ہوئی وہ جیولری سیٹ ہمارے پاس ہے اس کی قیمت 1 کروڑ 80 لاکھ تھی انھوں نے سوا تین ارب کردی میں صرف اپنی بیوی کی بات کرتا ہوں، اس کو دوبارہ گرفتار کرکے بہت غلط کیا ہے۔

مزیدخبریں