مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی آج ملک گیر احتجاج کریگی 

Jul 14, 2024 | 10:55 AM

ایک نیوز: مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی آج ملک گیر احتجاج کر رہی ہے، آج جماعت اسلامی کے زیر اہتمام تمام چھوٹے ، بڑے شہروں میں دھرنے ہونگے ۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ بجلی ٹیرف میں بے تحاشا اور ظالمانہ ٹیکسزکے خلاف اسلام آباد 26جولائی کو دھرنا دیا جائےگا، مطالبات کی منظوری تک نہیں اٹھیں گے، دھرنے تک عوامی موبلائزیشن جاری رہےگا،ہماری تحریک عوام دشمن بجٹ کے خلاف ہے ، حکومت کو بجلی کے بھاری بلوں وظالمانہ سلیب سسٹم پر عوام کو ریلیف دینا ہو گا۔
 حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی بلوں میں اضافہ کر رہے ہیں، اشرافیہ ظالمانہ ٹیکس اور پٹرول کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کررہی ہے،عوام دشمن اقدامات کے خلاف ”حق دو عوام کو“ تحریک چلارہے ہیں،عوامی حقوق کے لیے سڑکوں پر بھی نکلیں گے،عدالتوں میں بھی جائیں گے،  26جولائی کو اسلام آباد میں عوام کو پرامن دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔
امیر جماعت اسلامی نےکہا کہ مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلےکا خیر مقدم کرتے ہیں،سپریم کورٹ ایک جوڈیشل کمیشن بنائے، فارم 45کی بنیاد پر ہر سیٹ کا فیصلہ کرے، عدالت کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی کوئی اخلاقی حیثیت باقی نہیں رہی، چیف الیکشن کمشنر فوری طورپر استعفیٰ دیں،انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والی پارٹیوں نے مخصوص نشستیں لے لیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ آدھا نہیں پورا قبول کیا جائے، جماعت اسلامی کے سوا کوئی بھی جماعت عوا م کی ترجمانی کرتی نظر نہیں آر ہی ، رائٹ آف انفارمیشن کے تحت قوم کا یہ حق ہے کہ اس کے سامنے تمام معاہدے لائیں جائیں۔

مزیدخبریں