ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران حملے کی مذمت کی ہے، وزیراعظم نے سابق امریکی صدرٹرمپ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی،شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی عمل میں ہرقسم کا تشدد قابل مذمت ہے ،ہمدردیاں نیک خواہشات ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کے ساتھ ہیں ۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے، صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سابق امریکی صدر پر حملے کا سن کر گہرا صدمہ پہنچا، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ، صدر مملکت کا ڈونلڈ ٹرمپ کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار، صدر مملکت نے حملے میں اِنسانی جان کے ضیاع پربھی اظہارِ افسوس کیا۔
خیال رہے کہ پنلسوینیا میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی، ڈونلڈ ٹرمپ زخمی ہو ئے،گولی ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی گزری۔
امریکی میڈیاکا کہنا ہے کہ سیکرٹ سروس کے اہلکار ٹرمپ کو حفاظتی حصار میں لے کر روانہ ہوگئے، فائرنگ کے وقت ٹرمپ ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے سٹیج پر موجود تھے۔