ایک نیوز : ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے آن لائن لون کمپنیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی،گرفتار ملزمان کے اہم انکشافات سامنے آگئے۔
ایف آئی اے کے مطابق سیدپور روڈ پر آن لائن لون ایپس کے دفاتر پرچھاپے مار کر ریکارڈ قبضے میں لیا گیا اور تین دفاتر سیل کیے گئے۔بلیک میلنگ میں ملوث آن لائن لون ایپس کے 9 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں دستاویزات، کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس اور سمز برآمد کی گئی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان نے شہریوں کو بلیک میل کرنے کے انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو کال کرنے کا ٹارگٹ دیا جاتا تھا، آن لائن کمپنی میں مختلف سیکشن بنے ہوئے تھے، متاثرہ شہریوں کے دوستوں اور ان کے رشتے داروں کو کالز کرتے تھے جب کہ ان دفاترمیں ٹارچرکالز سے متعلق علیحدہ سیکشن بنے ہوئے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے بتایا کہ ہرسیکشن کوکالزکرنے کے الگ الگ کام سونپے جاتے تھے، ڈی زیرو، ڈی 1، ڈی 2، ڈی ایس 1، ڈی ایس 2 اور ڈی ایس3 کے نام سے سیکشن تھے، لون ایپس کے ذریعے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جاتی تھی، ذاتی ڈیٹا لے کر متاثرہ شہریوں کو ہراساں کیا جاتا تھا۔