ایک نیوز: سیلاب میں جہاں بہت سے لوگوں کا نقصان ہوا وہیں کچھ لوگوں کو سوشل میڈیا کی وجہ سے نقصان کے بعد فائدہ بھی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کے بہاؤ سے نقصانات بھی ہورہے ہیں۔ سیلابی پانی سے دریائی بیلٹ کے رہائشیوں کے مال مویشی پانی میں بہہ گئے۔
اسی طرح علاقہ پاکپتن کے زمیندار کی گھوڑی سیلابی پانی میں بہہ گئی تھی۔ بہاولنگر کے علاقہ چک بھٹیاں کے لوگوں نے گھوڑی کو دیکھ کر دریا سے نکال لیا۔ پانی سے نکالے گئے پالتو جانور کو مقامی لوگوں نے امانت کے طورپر اپنے پاس باندھ لیا۔
مقامی افراد نے گھوڑی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کردیں۔ سوشل میڈیا پر گھوڑی کی تصویر دیکھنے کے بعد مالک بہاولنگر پہنچ گئے۔ گھوڑی کے مالک نے بتایا کہ ستلج میں سیلابی پانی آنے سے گھوڑی بہہ گئی تھی۔ سوشل میڈیا کی وجہ سے معلومات ملیں۔