پاکستان کو دیوالیہ بنانے کے خواہشمندوں کو ناکامی اور مایوسی ہوئی، اسحاق ڈار  

Jul 14, 2023 | 15:52 PM

ایک نیوز: وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کو دیوالیہ بنانے کے خواہشمندوں کو ناکامی اور مایوسی ہوئی۔ آئی ایم ایف پروگرام مکمل کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ بڑی کامیابی ہے۔ جس سے معیشت اور روپے کی قدر میں بہتری آئے گی۔ پاکستان کو دیوالیہ بنانے کے خواہشمندوں کو ناکامی اور مایوسی ہوئی۔ اب آئی ایم ایف کی شرائط کی تکمیل میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔ 

انہوں ںے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ حقیقت پسندی سے معاملات طے کیے ہیں۔ آئی ایم ایف پروگرام مکمل کریں گے۔ پہلے بھی آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا تھا۔ معاہدوں کی پاسداری ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف معاہدہ سے انحراف کرکے ملک اور معیشت کو نقصان پہنچایا۔ پی ٹی آئی حکومت آئی ایم ایف معاہدہ سے انحراف نہ کرتی تو موجودہ صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ آنے والی حکومت کو آئی ایم ایف سے طے شدہ معاملات کی پاسداری کرنا ہوگی۔ 

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ اللہ کرے آئی ایم ایف کے ساتھ یہ 23واں پروگرام آخری پروگرام ہو۔ اللہ کرے آئی ایم ایف کے ساتھ 24ویں پروگرام کی ضرورت کبھی نہ پڑے۔ 

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اسمبلیوں کی مدت میں توسیع کے امکان کو مسترد کردیا۔ انہوں ںے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کردیا ہے کہ مدت کی تکمیل پر حکومت چھوڑ دیں گے۔ نگران وزیراعظم کے حوالے سے فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت سے ہوگا۔ آخری دو ہفتوں میں اس حوالے سے مشاورتی عمل اور پراسس مکمل کرلیں گے۔

مزیدخبریں