نوجوانوں کو ہنرمند بنانا وقت کا تقاضا، کامیابی کی کنجی ہے، شہباز شریف

نوجوانوں کو ہنرمند بنانا وقت کا تقاضا، کامیابی کی کنجی ہے، شہباز شریف
کیپشن: Skilling the youth is the need of the hour, the key to success, Shahbaz Sharif

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا ہے کہ  نوجوانوں کو ہنرمند بنانا وقت کا تقاضا اور کامیابی کی کنجی ہے، ملکی ترقی کے لیے فنی تعلیم کا فروغ ضروری ہے، اسکل ڈیویلپمنٹ ہماری ترجیح ہونا چاہیے، ترقی کرنی ہے تو منفی باتوں کو پاؤں کی زنجیر نہیں بنانا بلکہ حل نکالنا ہوگا، امیر اور غریب کے درمیان تعلیمی میدانوں میں تفریق نہیں ہونی چاہیے، 75سال میں جو عادتیں پڑگئی ہیں ان بتوں کو توڑنا آسان نہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں 4لاکھ 50ہزار طلباء کو میرٹ پر وظائف دیے۔ نوجوانوں کو ہنرمند بنانا وقت کا تقاضا اور کامیابی کی کنجی ہے۔ ملکی ترقی کے لیے فنی تعلیم کا فروغ ضروری ہے۔ تعلیم کسی ایک طبقے کا نہیں سب کا حق ہے۔ 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر ہنرمند لوگوں کو بیرون ملک بھیجیں گے تو پاکستان کا تجارتی خسارہ کم ہوجائے گا۔ اسکل ڈیوپلمنٹ ہماری ترجیح ہونا چاہیے۔ نوجوان نسل کرپشن کو فوری طور پر ختم کرکے ملک کو آگے لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث افتخار ہے، نوازشریف نے اس ادارے کی ابتدا کی، پنجاب میں وزارت اعلی کے دور میں ووکیشنل ٹریننگ پر توجہ دی، 1997میں بھی ہنر سیکھنے اور سکھانے کے منصوبوں پر کام کیا، البتہ کسی بھی کام کو شروع کرنے کے لئے وسائل درکار ہوتے ہیں۔ 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیم کسی بھی میدان میں ہو ایک ہنر ہے، قوموں کو ترقی کی دوڑ میں آگے لے جانے کیلئے فنی تعلیم کامیابی کی ضمانت ہے، مجھے یقین ہے یونیورسٹی انتظامیہ ادارے کو آگے لیکر جائے گی، ہنر کسی بھی میدان میں بہترین ہتھیار کا کام کرتا ہے، لہذا امید ہے ہنرمند نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ قوموں کی ترقی کے لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن ضروری ہے، 2008میں پنجاب انڈوومنٹ فنڈ بنایا، پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کیلئے بجٹ سے  دو ارب روپے سالانہ مختص کئے، غریب بچوں کی معیاری تعلیم کے لئے دانش سکول بنائے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ترقی کرنی ہے تو منفی باتوں کو پاؤں کی زنجیر نہیں بنانا بلکہ حل نکالنا ہوگا، امیر اور غریب کے درمیان تعلیمی میدانوں میں تفریق نہیں ہونی چاہیے، 75 سال میں جو عادتیں پڑ گئی ہیں ان بتوں کو توڑنا آسان نہیں۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت کا صرف ایک ماہ رہ گیا ہے، اجازت دیں تو تمام وسائل آپ کی خدمت میں نچھاور کرنے کیلئے تیار ہوں، نوجوان نسل ہی وہ طبقہ ہے جو کرپشن کا خاتمہ کرسکتی ہے۔