وزیراعظم نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

Jul 14, 2023 | 13:41 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی میں چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نیوکلیئر پاور پلانٹ چین کے پاکستان پر اعتماد کی علامت ہے، منصوبے سے پاک چین تعلقات کو فروغ ملے گا، دونوں ممالک کے آپس میں دیرینہ تعلقات ہیں اور چین کی جانب سے سرمایہ کاری مثبت اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ چشمہ5نیوکلیئرپاورپلانٹ ایک سنگ میل ہے جو دونوں ممالک کےتعلقات کاعکاس ہے۔ جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی نےبھی منصوبےکومحفوظ قراردیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افواہیں پھیلائی جارہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا لیکن ایسے منصوبےافواہیں پھیلانے والوں کے لئے مؤثرجواب ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، ہم چین، سعودی عرب اور یو اے ای کے تعاون کے مشکور ہیں جب کہ دیگر دوست ممالک کے تعاون کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

اس سے قبل شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کاسنگ بنیاد رکھ دیا اور نوجوانوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں اصلاحات کے لئے کوششیں جاری ہیں، نوجوانوں کو ہنر مند بنانا موجودہ وقت کی کامیابی کی کنجی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے یونیورسٹی انتطامیہ ادارے کو آگے لیکر جائے گی، ہنر کسی بھی میدان میں بہترین ہتھیار کا کام کرتا ہے، لہٰذا امید ہے ہنرمند نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے دور میں ووکیشنل ٹریننگ پر توجہ دی، 1997 میں بھی ہنر سیکھنے اور سکھانے کے منصوبوں پر کام کیا، البتہ کسی بھی کام کو شروع کرنے کے لئے وسائل درکار ہوتے ہیں۔

تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ قوموں کی ترقی کے لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن ضروری ہے، 2008 میں پنجاب انڈوومنٹ فنڈ بنایا، غریب بچوں کی معیاری تعلیم کے لئے دانش اسکول بنائے تاہم علماء نے ذکوۃ فنڈ کے استعمال پر اعتراض کیا۔

مزیدخبریں