ایک نیوز: ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز نے نیپال کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیپال کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 179 رنز پر آوٹ ہو گئی تھی جسے قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔۔ ایمرجنگ ایشیا کپ میں نیپال کی بیٹنگ لائن اپ قومی ٹیم کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
پاکستان کی جانب سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاہنواز دھانی نے 5 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی۔ وسیم جانیئر نے بھی شاہنواز دھانی کا ساتھ دیتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی۔ مبشر خان ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ نیٌپال کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن اپ کو سومپال کامی نے سہارا دیتے ہوئے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اس کے علاوہ پراتس نے 26 رنز بنائے۔
یاد رہے کہ پچاس اوورز فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپ میں رکھا گیا ہے۔ گروپ اے میں افغانستان اے ، بنگلہ دیش اے ،سری لنکا اے اور اومان اے کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان شاہینز،انڈیا اے ، نیپال اور متحدہ عرب امارات اے کی ٹیمیں گروپ بی میں ہیں۔17 جولائی کو اپنا دوسرا میچ متحدہ عرب امارات اے کے خلاف پی سارا اوول گراؤنڈ میں کھیلے گی جبکہ 19 جولائی کو اس کا تیسرا میچ انڈیا اے کے خلاف پریماداسا اسٹیڈیم میں ہوگا۔ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 21 جولائی کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 23 جولائی کو ہوگا۔
اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیا کپ کا پچھلا ٹورنامنٹ نومبر 2019ء میں بنگلہ دیش میں کھیلا گیا تھا جس کے فائنل میں پاکستان شاہینز نے میزبان بنگلہ دیش کو77 رنز سے شکست دی تھی۔