ویب ڈیسک:مالدیپ کے صدر محمد معیزو نےبھارت کو 15مارچ تک الٹی میٹم دیتے ہوئےکہا کہ بھارت بحیرہ ہند میں موجود اپنے تقریباً 100 فوجیوں کو 15 مارچ تک واپس بلا لے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق نئی دہلی بحر ہند میں جزیروں کے سلسلے کو اپنے اثر و رسوخ میں تصور کرتا ہے لیکن مالدیپ کا اب چین کی جانب جھکاؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
اتوار کو مالدیپ میں بھارتی عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کے دوران صدر محمد معیزو نے فوجیوں کے انخلا کے لیے 15 مارچ کی ڈیڈ لائن دی۔
محمد معیزو کے پبلک پالیسی سیکریٹری عبداللہ ناظم ابراہیم نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر نے یہ درخواست دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی جو فی الحال زیر غور ہے۔
ہفتے کے روز چین کے دورے سے واپسی کے بعد دارالحکومت مالے پہنچنے پر صدر نے کہا کہ مالدیپ چھوٹا ہو سکتا ہے لیکن ہمارے ساتھ غنڈہ گردی نہیں کی جا سکتی، ہم ایسا ملک نہیں ہیں جو کسی دوسرے ملک کی کالونی ہو، ہم ایک خودمختار قوم ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقائی سالمیت کی اس پالیسی کا چین بھی احترام کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چھوٹا ملک ہو سکتے ہیں لیکن یہ آپ کو ہمیں دھونس دھمکی دینے کا لائسنس نہیں دیتا۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے بھارتی فوجیوں کی جگہ مذکورہ خطے میں چینی افواج کی تعیناتی کے تاثر کو بھی رد کردیا۔
جزیرہ نما کے وسیع سمندری علاقے میں گشت کرنے کے لیے بھارت کے تین جہازوں میں طبی عملے سمیت تقریباً 89 اہلکار تعینات ہیں۔
مالدیپ نے بھارت کو 15مارچ تک الٹی میٹم
Jan 14, 2024 | 20:15 PM