8فروری کو کوئی طاقت جیالوں کا راستہ نہیں روک سکتی ،بلاول بھٹو

بلا تو رہا نہیں،اب صرف دو جماعتیں ہی الیکشن لڑ رہی ہیں، بلاول
کیپشن: بلا تو رہا نہیں،اب صرف دو جماعتیں ہی الیکشن لڑ رہی ہیں، بلاول

ویب ڈیسک :پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کاکہنا ہے کہ 8 فروری کو دنیا کی کوئی طاقت جیالوں کا راستہ نہیں روک سکتی۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پیپلزپارٹی کے خیرپور کے کارکنوں کا شکرگزار ہوں، آج خیرپور کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے،  تیر کا مقابلہ عوام کا خون چوسنے والے شیر سے ہے، ہم اس کا ملکر شکار کریں گے۔
بلاول بھٹو کاکہنا ہے کہ آپ میرے ہو اور میں آپ کا ہوں، اگرآپ اس جوش اور جذبے سے نکلتے ہیں تو 8 فروی کو ہم کو کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا، یہ خیر پور کے جیالے تھے جنہوں نے ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا ساتھ دیا اور انہوں نے ہر آمر کا مقابلہ کیا، کسی آمر اور ظالم کے سامنے کبھی نہیں جھکے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کاکہنا ہے کہ جیالا وزیراعلیٰ ہو گا اور جیالا ہی وزیراعظم ہو گا، شہید بھٹو نے ملک کی قسمت بدلی، ہماری سیاست کے ساتھ لاہور کے پرانے سیاست دان جو کر رہے ہیں اس سے انہوں نے عوام کو تقسیم کر دیا ہے، جب ہماری حکومت ہوگی ہم نفرت کی سیاست نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میرا وعدہ ہے اللہ نے موقع دیا تو تنخواہیں ڈبل کر کے دکھائیں گے، پاکستانی عوام پیپلزپارٹی کی حکومت بنوائیں 300 یونٹ بجلی فری دوں گا، دیگر جماعتوں کے پاس نہ کوئی منشور ہے اور نہ ہی کوئی نظریہ ہے، ہم حکومت بنانے جا رہے ہیں، عوامی راج قائم کرنے جا رہے ہیں۔
پی پی کے چیئرمین نے کہا کہ ن لیگ والے کہتے ہیں کہ پیسہ نہیں ہے، میں کہتا ہوں کہ پیسہ ہے تم نے اس کو چوری کیا ہے، جس افسر نے سیلاب متاثرین کا حق چھینا ہے خود اس سے حساب لوں گا۔

قبل ازیں  بلوچستان کے شہر ڈیرہ مراد جمالی میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک شخص کو آپ نے تین بار وزیر اعظم بنایا ، آج اس شخص کو چوتھی بار مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اگر اب یہ آپ کا وزیر اعظم بن گیا تو 5 سال بلوچستان میں ترقی نہیں ہو گی۔ چاروں صوبوں کے عوام اسلام آباد میں بیٹھے حکمران کے کردار سے خوش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار اس شخص کو مسلط کیا گیا تو اس نے بلوچستان کے عوام کے حق پر ڈاکا مارا، جب دوسری بار اس شخص کو مسلط کیا تو پھر بلوچستان کے عوام کے حق پر ڈاکا مارا، جب تیسری بار اس شخص کو مسلط کیا گیا تو پوچھیں کیا اس نے وفا کی؟،3 بار ناکام شخص کو چوتھی بار کس خوشی میں قبول کریں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین پر کھڑے ہو کر اسلام آباد کو پیغام پہنچانا چاہتا ہوں، چاروں صوبوں کے عوام اسلام آباد میں بیٹھے حکمران کے کردار سے خوش نہیں، پاکستان کے عوام کسی کے غلام نہیں، عوام کسی کے آگے نہیں جھکتے کسی سے ڈرتے نہیں، ہم اپنا حق چھینیں گے اور عوامی حکومت بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تو صرف دو جماعتیں ہی الیکشن لڑ رہی ہیں، ایک پیپلز پارٹی اور دوسری ن لیگ ہے، بلا رہا نہیں، شیر اور تیر کا مقابلہ ہوگا۔