ایک نیوز: بلوچستان کے اضلاع سبی اور ہرنائی کے درمیان ریلوے سیکشن جو 17 سال بعد اکتوبر 2023 میں بحال کیا گیا تھا اسے مقامی افراد نے خوشحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق سبی اور ہرنائی ریلوے ٹریک اگست 2006 میں دہشت گردانہ کاروائیوں کے باعث بند ہوگیا تھا۔ ٹرین بندش سے جہاں مقامی لوگوں کو سماجی، معاشی اور دیگر مسائل کا سامنا تھا وہیں مذہبی تہواروں، ثقافتی اجتماعات سمیت دیگر رابطوں میں بھی مشکلات پیدا ہوئی۔
ریلوے لائن کی بندش سے ہرنائی کے مقامی لوگوں کو 6 اضلاع سے ہو کر سبی جانا پڑتا تھا یہ سفر مہنگا اور طویل دورانیے پر محیط تھا۔ ٹرین ٹریک بند ہونے سے ہرنائی سے پاکستان کے دوسرے شہروں کو بذریعہ ٹرین کوئلہ کی ترسیل بند ہوگئی اور سبی اور دیگر علاقے، ہرنائی سے آنے والی تازہ زرعی اجناس سے محروم ہوگئے۔
پاک فوج اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے سبی، سنگان، ہرنائی اور ملحقہ علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز کرکے یہاں امن قائم کیا۔ ریلوے ٹریک کو وقتا فوقتا دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کی جاتی رہی مگر تعمیر کو حقیقی رفتار 2023 میں ملی۔
پاک فوج اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے ریلوے انجینئرز اور این ایل سی کے عملے کی حفاظت کے فرائض سنبھالے اور یوں ٹرین بحالی کا یہ کام اس قلیل مدت میں مکمل کیا گیا۔
ٹرین بحالی کو سبی اور ہرنائی کی عوام نے اسے علاقے کی خوشحالی، معاشی ترقی اور آرام دہ سفری سہولیات کیلئے ایک احسن قدم قرار دیا۔ سردار ابراہیم خان کا کہن اہے کہ 2006 سے پہلے جب یہ ٹریک فعال تھا تو اس وقت تجارت بہت عام تھی۔ گنا، کوئلہ اور دوسری آشیاء کی تجارت ہورہی تھی۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے یہ ٹریک کو تباہ کیا تھا جس سے ہمارے علاقے کو بہت نقصان پہنچا۔ ہرنائی میں ہماری ہندو کیمیونٹی کے لوگ رہتے ہیں۔ 2006 میں ٹرین بندش سے انکا ہمارے ساتھ یہ رابطہ ختم ہوگیا۔
ہندو کیمیونٹی کے رکن سنتوش کمار کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اداروں اور ریلوے انتظامیہ کی کاوشوں سے یہ ٹرین شروع ہوگئی ہے۔ اس سے ہمارے ہرنائی کے عوام بہت خوش ہیں۔ ٹرانسپورٹر ملک مظفر ترین کا کہنا ہے کہ ہرنائی ٹرین بحالی سے ہمیں روزگار ملے گا اور علاقے میں خوشحالی آئے گی۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ہم پاک فوج اور ایف سی کے مشکور ہیں کہ اب ٹرین چل رہی ہے اور سیکیورٹی ادارے ٹرین کی حفاظت کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہرنائی ریلوے ٹریک کی بحالی سے یہاں کوئلہ سمیت دیگر زرعی اجناس کی ترسیل شروع ہوچکی ہے جس سے ان علاقوں کی معاشی خوشحالی اور سماجی ترقی میں مزید تیزی آئے گی۔
واضح رہے کہ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی حفاظت میں سبی تا ہرنائی ٹرین چلائی جارہی ہے اور لوگوں کو ایک آرام دہ، سستا اور محفوظ سفر فراہم کیا جارہا ہے۔