ایک نیوز: شہدائے پاکستان کو سلام،وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپاہی نبیل اختر انتہائی نڈر سپاہی تھے جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا،سپاہی نبیل اختر شہید نے 12 دسمبر 2023 کو خیبرپختونخواہ کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں دہشتگردوں کیخلاف لڑتے ہوئے دفاع وطن میں جامِ شہادت نوش کیا،سپاہی نبیل اختر شہید اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا اور ان کے والدین ماضی میں ہی وفات پا چکے تھے،سپاہی نبیل اختر شہید نے سوگواران میں بیوہ اور دو بیٹیاں چھوڑے۔
سپاہی نبیل اختر شہید کے لواحقین نے اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ " سب گھر والوں سے بہت پیار، محبت اور عزت سے پیش آتا تھا،بہت نرم مزاج اور اچھے اخلاق کا مالک تھا۔
سپاہی نبیل اختر شہیدکے چچا کا کہنا ہے کہ جب اُن کی شہادت کا سنا تو خوشی ہوئی کہ اللہ نے ان کے شہید ہونے کی خواہش پوری کر دی،اُن کی شہادت کی خبر پر دکھ ہوا لیکن فخر محسوس کیا۔
سپاہی نبیل اختر شہیدکی بیوہ کا کہنا ہے کہ "شادی کے بعد ہمارا جتنا بھی عرصہ ساتھ گزرا، بہت خوشی اور عزت سے گزرا،میرے شوہر بہت اچھے تھے، مجھ سے اور بچوں سے بہت پیار کرتے تھے،مجھے فخر ہے کہ اللہ نے میرے شوہر کو شہادت نصیب کی،مجھے فخر ہے کہ میں شہید کی بیوہ ہوں۔
سپاہی نبیل اختر شہیدکےکزن کا کہنا ہے کہ "نبیل بہت محنتی تھے، اللہ نے انکو جو کچھ بھی دیا انکی محنت سے دیا،نبیل بہت دلیر اور بہادر تھا،نبیل کو بچپن سے ہی فوج میں بھرتی ہونے اور ملک کے لیے قربان ہونے کا شوق تھا،اللہ نے نبیل کو شہادت کا رتبہ عطا کیا جو ہر کسی کو نہیں ملتا،سپاہی نبیل اختر کی شہادت آنے والی تمام نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔