ایک نیوز: کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولیس نے اپنا سیکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق شہر بھر میں 52 ہزار 591 اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے،35 ہزار 3 سو 60 اہلکارکراچی کی نفری ہے،17ہزار 2سو 31 اہلکار سندھ کے دیگر اضلاع سےکراچی لائے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق اندرون سندھ سے ساوتھ زون میں 27 سو اہلکار لائے گئے ہیں،سندھ سے ایسٹ زون میں 6 ہزار 8 سو33 اہلکار لائے گئے ہیں،ویسٹ زون میں 7 ہزار 6سو 98 اضافی نفری منگوائی گئی ہے،سندھ بھر کے ٹریننگ سینٹرز ،سی ٹی ڈی یونٹ ،ایس ایس یو یونٹ اور ضلعی نفری بلوائی گئی ہے،انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن میں 6 سے 8 اہلکار تعینات ہونگے،ہنگامی صورحال سے نمٹنے کے لئے ریزرو فورس کو فوری استعمال کیا جائے گا۔
پولیس حکام نے کہا کہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ریزرو فورس کو استعمال کیا جائے گا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نےگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے ڈی آر اوز کے ہمراہ سامان کی ترسیل شروع کردی ہے،پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کی نفری کی تعیناتی کا آغاز کردیا گیا ہے،حساس پولنگ اسٹیشنز پر چار پولیس اہلکار اور حساس ترین پر آٹھ اہلکار تعینات کیلئے جارہے ہیں،دس پولنگ اسٹیشنز پر ریپڈ رسپانس فورس کی دو موبائل تعینات کی جارہی ہیں۔ریزرو ایس ایچ او ، ڈی ایس پیز ، اور ایس پی کی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں،رینجرز کی جانب سے بھی نفری کی تعیناتی شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کل کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔