ایک نیوز: انڈین کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ ’ان کے کیریئر میں جب برا وقت آیا تو وہ مایوس اور خبطی ہو گئے تھے۔‘
رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی نے نجی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں تسلیم کیا کہ ’ کیریئر میں جب مشکلات آئیں تھا تو وہ اس وقت مایوس اور خبطی ہو گئے تھے جس کی وجہ سے ان کا انوشکا شرما اور بقیہ چاہنے والوں سے رویہ خراب ہو گیا تھا۔‘
ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ’میں اس بات کو تسلیم نہیں کر رہا تھا، میں بہت خبطی ہو گیا تھا، ایسا کرنا انوشکا شرما کے ساتھ ٹھیک نہیں تھا اور ان لوگوں کے ساتھ بھی ٹھیک نہیں تھا جو مجھے چاہتے ہیں اور میرا ساتھ دیتے ہیں جس کی وجہ سے مجھے ذمہ داری اٹھانا پڑی اور چیزوں کو ٹھیک کرنا پڑا۔‘
’میں کرکٹ سے دُور ہو گیاتھا اور اس سے میری لگن اور چاہت بالکل ختم ہو گئی تھی۔ تب مجھے اندازہ ہوا کہ میں اس چیز سے دُور نہیں ہو سکتاجس سے مجھے محبت ہو ۔ میں کون ہوں اور مجھے یہ چیز سمجھنا تھی کہ جب میں ٹھیک طرح سے کھیل نہیں رہا ہوتا تو مجھے یہ ماننا چاہیے کہ میں برا کھلاڑی ہوں۔‘
واضع رہے کہ 2019 سے لے کر 2022 تک کا وقت ویرات کوہلی کے کیریئر کا سب سے برا وقت سمجھا جاتا ہے۔ ان سالوں میں ویرات نے کوئی سینچری نہیں بنائی تھی۔
گذشتہ سال ہونے والے ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف میچ میں ویرات کوہلی نے تین سال بعد سینچری بنائی اور پھر ٹی20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف اپنے ٹی20 کیریئر کی یادگار اننگز بھی کھیلی۔ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے دسمبر 2017 میں شادی کی تھی جس کے بعد 2021 میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔