ٹیسلا نے بی ایم ڈبلیو سے بڑا اعزاز چھین لیا

ٹیسلا نے بی ایم ڈبلیو سے بڑا اعزاز چھین لیا

ایک نیوز: ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا نے معروف کمپنی  بی ایم ڈبلیو سے سب سے زیادہ گاڑیاں فروخت کرنے کا اعزاز 25 برس بعد چھین لیا۔
رپورٹ کے مطابق الیکٹرک کار بنانے والی ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا نے  2022  کے دوران لگژری گاڑیوں کی فہرست میں بی ایم ڈبلیو سے زیادہ کار فروخت کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

ٹیسلا پہلی امریکی کمپنی بن گئی ہے جس نے 25 سال بعد  سب سے زیادہ  لگژری گاڑیوں کی فروخت کا ریکارڈ توڑا ہے۔

آٹوموٹیو نیوز ریسرچ اینڈ ڈیٹا سینٹر کے تخمینے کے مطابق ٹیسلا نے 2022 میں امریکہ میں چار لاکھ 91 ہزارسے جبکہ بی ایم ڈبلیو نے تین لاکھ 32 ہزار  کاریں فروخت کی ہیں۔ ٹیسلا کی سیل 2021 کے مقابلے میں 56 فیصد زیادہ تھی۔2021 میں بی ایم ڈبلیو نے ٹیسلا سے  23 ہزار زیادہ کاریں فروخت کی تھیں۔آٹوموٹو نیوز کی 2022 کی فہرست میں شامل کاروں کے دیگر لگژری برانڈز میں مرسڈیز بینز شامل ہے جس نے دو لاکھ 86 ہزار760 گاڑیاں فروخت کی ہیں۔اس کے علاوہ لیکسس نے دو لاکھ 58 ہزار 704، آڈی نے ایک لاکھ 86 ہزار875، کیڈلک نے ایک لاکھ 34 ہزار 726، اکیورا نے ایک لاکھ دو ہزار 306 اور وولوو نے ایک لاکھ دو ہزار 38 گاڑیاں فروخت کی ہیں۔

ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک  کی جانب سے کمپنی کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے ایلون مسک نے ٹوئٹ کیا کہ ’ ٹیسلا ٹیم نے بہت اچھا کام کیا!‘

ٹیسلا نے 2022 میں کمپنی کے طور پر کئی ریکارڈ بنائے۔ ٹیسلا نے دنیا بھر میں 13.1 لاکھ سے زائد گاڑیاں فروخت کی اور گذشتہ سال کے مقابلے میں پیداوار میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔ ٹیسلا نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہاکہ ’ہمارے تمام صارفین، ملازمین، سپلائرز، شیئرز کے مالکان اور سپوٹرز کا شکریہ جنہوں نے کوویڈ اور سپلائی چین کے مسائل کے باوجود 2022 میں بہترین کارکردگی میں ہماری مدد کی۔‘

 کمپنی کاکہنا ہے کہ وہ 2022 کی آخری سہ ماہی اور پورے سال کے معاشی نتائج 25 جنوری کو شائع کرے گی۔