ایک نیوز: ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو اپنے دفاع کا آخری موقع مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ جس میں عمران خان کے وکیل پیش ہوئے اور چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔
عدالت نے وارننگ کے ساتھ ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی عمران خان کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے عمران خان کو حاضری یقینی بنانے کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے 31 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
عدالت نے تحریری حکمنامے میں لکھا کہ عمران خان آئندہ سماعت پر ہر صورت عدالت کے سامنے پیش ہو۔ عدالت نے عمران خان کو جلد شامل تفتیش ہونے کا حکم بھی دیدیا۔
عمران خان کی درخواست پر بینکنگ کورٹ کی جج رخشدہ شاہین نے حکمنامہ جاری کیا۔ جس کے مطابق عدالت نے 31 جنوری کو دلائل طلب کرلیے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان نے بینکنگ کورٹ میں ضمانت کے لیے رجوع کررکھا ہے۔