ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

Jan 14, 2023 | 11:29 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز:  ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا پر جذباتی پوسٹ کیساتھ ٹینس سے  ریٹائرمنٹ کا کر دیا۔ 
رپورٹ کے مطابق ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ اپنے پروفیشنل کیرئر سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جذباتی پوسٹ ڈالتے ہوئے  بتایا کہ وہ آسٹریلیائی اوپن کے بعد  بیٹے کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہیں گی۔ آسٹریلیائی اوپن ٹینس 16 جنوری سے شروع ہونے جا رہا ہے اور یہ ثانیہ مرزا کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔  ثانیہ مرزا نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ ڈبلیو ٹی اے 1000 دبئی ٹینس چمپئن شپ کے بعد ریٹائرمنٹ لیں گی جو  اگلے ماہ 19 فروری سے شروع ہو رہی ہے.

  ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا پوسٹ پر لکھا کہ ’’30 سال قبل حیدر آباد سے تعلق رکھنے والی چھ سال کی لڑکی اپنی ماں کے ساتھ کورٹ پر پہلی بار گئی۔ کوچ نے بتایا کہ ٹینس کس طرح کھیلتے ہیں اور مجھے لگا تھا کہ ٹینس سیکھنے کے لیے میں بہت چھوٹی ہوں۔

پھر میرے خوابوں کی لڑائی 6 سال کی عمر میں شروع ہوئی ۔میرے والدین، بہن،  فیملی، کوچ اور فیزیو سمیت پوری ٹیم کی حمایت کے بغیر یہ خواب ممکن نہیں تھا۔ اچھے اور برے وقت میں میرے ساتھ کھڑے رہے۔ میں نے ان میں سے ہر ایک کے ساتھ اپنی ہنسی، آنسو، درد اور خوشیوں کو بانٹا ہے۔  سب مداحوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کیونکہ آپ سب  نے زندگی کے سب سے مشکل دور میں میری مدد کی ہے۔ آپ نے حیدر آباد کی اس چھوٹی سی لڑکی کو نہ صرف خواب دیکھنے کی ہمت دی بلکہ ان خوابوں کو حاصل کرنے میں بھی مدد کی۔‘‘

واضح رہے کہ ثانیہ مرزا نے ٹینس کیرئر میں سنگل گرینڈ سلیم خطاب کبھی نہیں جیتا، لیکن ڈبلز میں وہ چھ مرتبہ چیمپئن رہ چکی ہیں۔ ثانیہ مرزا نے ڈبلز میں چھ گرینڈ سلیم خطاب جیتے جن میں سے تین خاتون ڈبلز اور  تین مکسڈ ڈبلز خطاب شامل رہے ہیں۔ ثانیہ  مزرانے اپنا آخری گرینڈ سلیم 2016 میں آسٹریلین اوپن کا خاتون ڈبلز خطاب جیت کر حاصل کیا تھا۔ اس وقت ثانیہ اور مارٹینا ہنگز کی جوڑی نے فائنل مین اینڈریا لاواکووا اور لوسی ہراڈیکا کو شکست دی تھی۔

مزیدخبریں