ایک نیوز: پاکستان کی سب سے بڑی ٹریکٹر مینوفیکچرر کمپنی ملت ٹریکٹر لمیٹڈ آئندہ ہفتے سے پروڈکشن کا دوبارہ آغاز کردے گی۔
تفصیلات کے مطابق ملت ٹریکٹر لمیٹڈ نے رواں سال کے آغاز پر پروڈکشن کو غیرمعینہ مدت تک بند کردیا تھا۔
پروڈکشن بند ہونے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح مارکیٹ میں پھیل گئی اور ہر کسی نے اس پر تشویش کا اظہار کیا۔ تاہم اب خوش قسمتی سے کمپنی نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق کمپنی 16 جنوری 2023 سے اپنی پروڈکشن بحال کرنے جارہی ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے کمرشل گاڑیوں پر رجسٹریشن ٹیکس کو کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد کیپیٹل ٹریریٹری کی جانب سے کیا گیاہے۔
وفاقی حکومت نے کمرشل گاڑیوں پر رجسٹریشن ٹیکس 4 فیصد سے کم کرکے 1 فیصد کردیا ہے۔ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہے۔
حالیہ دنوں میں سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی پاکستان میں گاڑی تیار کرنے والی کمپنیوں کو درآمدی آلات پر بڑا ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد آٹو سیکٹر کی پروڈکشن اور سیلز کو بحال کرنا ہے۔