امریکی گلوکارہ لیزا میری پریسلے انتقال کر گئی

امریکی گلوکارہ لیزا میری پریسلے انتقال کر گئی

ایک نیوز: راک این رول لیجنڈ ایلوس پریسلے کی اکلوتی اولاد لیزا میری پریسلے 54 سال کی عمر میں انتقال کر گئی۔
رپورٹ کے مطابق لیزا میری پریلسے کی والدہ پریسیلا پریسلے  نے اپنی بیٹی کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔ پریسلا پریسلے کا کہنا تھا کہ ’میں بہت دکھی دل کے ساتھ یہ خبر شیئر کر رہی ہوں کہ میری پیاری بیٹی لیزا میری ہمیں چھوڑ کر چلی گئی ہے۔‘
لیزا میری کو کو اچانک دل کا دورہ پڑا تھا جس کی وجہ سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جان کی بازی ہار گئیں ۔پریسیلا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لیزا بہت باہمت اور محبت کرنے والی خاتون تھی۔ان کی والدہ نے ان کی موت کی ممکنہ وجہ کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔دنیا بھر سے ان کے مداحوں  کی جانب سے انہیں خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

1968 میں پیدا ہونے والی لیزا میری اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے موسیقی میں اپنا کیریئر بنایا۔ انھوں نے تین البمز ریلیز کیے۔ ان کے 2003 کے پہلے سٹوڈیو البم کی لاکھوں کاپیاں فروخت ہوئیں۔لیزا کی ایک وجہ شہرت ان کی پاپ لیجنڈ مائیکل جیکسن، اداکار نکولس کیج اور موسیقاروں کیف اور مائیکل لاک ووڈ سے شادیاں بھی تھیں۔اداکارہ ریلی کیوف سمیت ان کے چار بچے تھے۔ ان کے بیٹے بینجمن کیف نے 2020 میں خود کشی کر لی تھی۔ اگست میں پریسلے نے ’پیپل‘ کے لیے غم پر ایک مضمون لکھا جس میں انھوں نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کی موت کی خوفناک حقیقیت کے بعد کیسا محسوس کرتی ہیں۔

اپنی موت سے چند دن قبل  اپنے والد کی ملکیتی حویلی گریس لینڈ گئی تھیں۔ لیزا میری کی موت کی خبر کے بعد ان کے مداحوں نے گریس لینڈ کے گیٹ کے باہر پھول رکھے اور موم بتیاں جلائیں۔