ایف آئی اے کارروائی: باجوہ فیملی ٹیکس ریکارڈ معاملے پر لاہور سے صحافی گرفتار

Jan 14, 2023 | 09:30 AM

ایک نیوز: سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی فیملی کی ٹیکس معلومات لیک کرنے کے معاملے میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے شاہد اسلم نامی صحافی کو گرفتار کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار صحافی شاہد اسلم پر احمد نورانی کو سابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے اہل خانہ کے ٹیکس ریکارڈ سے متعلق ڈیٹا حاصل کرنے میں معاونت کا الزام ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے ڈیٹا لیک کیس میں ایف بی آر کے 3 اہلکاروں کو  پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خاندان کاٹیکس ریکارڈ لیک کرنے کے معاملے پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے ریجنل ٹیکس آفس لاہورکے تین افسران کو گرفتار کرلیا۔ 

ذرائع کے مطابق سپریٹنڈنٹ ارشد قریشی،سپریٹنڈنٹ شاہد نیاز اور یو ڈی سی عدیل اشرف گرفتار ملزمان میں شامل ہیں۔ تینوں افسران کو محکمانہ انکوائری میں قصوروار ثابت ہونے پر اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزمان کے زیراستعمال موبائل فونز، دس سے زائد کمپیوٹرز قبضہ میں لیکر فرانزک کے لئے بجھوا دیئے گئے ہیں۔ 

گرفتار ملزمان سے ایف آئی اے کی اعلی سطحی تفتیشی ٹیم تفتیش کر رہی ہے۔ ایف بی آر کی درخواست پر ملزمان کے خلاف باقاعدہ طور پر ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

مزیدخبریں