قطر :کیا بھارتی بحریہ کے گرفتارقیدیوں شاہ رخ خان نے رہاکرایا؟

Feb 14, 2024 | 12:23 PM

ویب ڈیسک :راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ اور بی جے پی کے رہنما سبرامنیم سوامی  نےدعویٰ کیا کہ قطر میں اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار بھارتی بحریہ کے 8 افسران کی رہائی میں شاہ رخ خان نے بڑا کردار اد کیا ہے۔ 
 بی جے پی رہنما نے کہا کہ اداکار شاہ رخ خان نے قطر حکومت کو قطر میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار بھارتی بحریہ کے 8 افسران کی رہائی پر راضی کرنے میں مدد کی ہے۔ راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ  سبرامنیم سوامی کے مطابق قطر نے اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں ان افسران کو سزائے موت کا فیصلہ سنایا تھا ،  بھارتی وزارت خارجہ اور قومی سلامتی کا مشیر قطر کا یہ فیصلہ واپس کرانے میں ناکام ہوچکے تھے۔
راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے اپنے ایکس کے آفیشل اکاؤنٹ  سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مودی کو سنیما اسٹار شاہ رخ خان کو اپنے ساتھ قطر لے جانا چاہیے کیونکہ وزارت خارجہ اور این ایس اے قطر کے شیخوں کو راضی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ مودی نے شاہ رخ خان سے مداخلت کی درخواست کی اور اس طرح ہمارے نیوی افسران کو آزاد کرنے کے لیے قطر کے شیخوں کے ساتھ ایک مہنگا سودا کیا۔

شاہ رخ خان کے منیجر کا انکار 
بالی ووڈ  سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی مینجر نے قطر سے رہا ہونے والے بھارتی بحریہ کے 8 اہلکاروں کی رہائی میں اداکار کے کردار سے متعلق گردشی خبروں کو مسترد کردیا۔بالی ووڈ اداکار کی مینجر پوجا ڈاڈلانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹار شاہ رخ خان کے دفتر سے جاری ہونے والا پیغام شیئر کرتے ہوئے گردش ہونے والے تمام دعوؤں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

جاری کردہ پیغام کے مطابق قطر سے حال ہی میں رہا ہونے والے 8 بھارتی بحریہ کے اہلکاروں کی رہائی میں شاہ رخ خان کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔شاہ رخ خان کی ٹیم مینجر پوجا ڈاڈلانی کی جانب سے شیئر کئے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں جو خبریں گردش کر رہی ہیں کہ شاہ رخ خان نے 8 بھارتی نیول افسران کہ قطر سے رہائی میں مبینہ طور پر کردار ادا کیا ہے، شاہ رخ خان کے آفس کا (اس ضمن میں) کہنا ہے کہ ان کی کسی بھی قسم کی مداخلت کی قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔پیغام میں کہا گیا ہے کہ یہ کام بھارتی حکام نے انجام دیا اور شاہ رخ خان اس میں کردار سے متعلق گردشی خبروں کو مسترد کرتے ہیں۔

مذکورہ پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شاہ رخ خان بیشتر بھارتیوں کی طرح خوش ہیں کہ نیول افسران خیریت سے گھر واپس پہنچ گئے ہیں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
 

مزیدخبریں