ویب ڈیسک :پاکستان اور ایران میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے ایران کے اعلی سطح کے وفد نے دورہ پاکستان کے لئے تیاریاں شروع کردیں۔
سفارتی زرائع کے مطابق رواں برس پاکستان اور ایران کے درمیان اعلی سطح کے وفود کے کئی تبادلے ہوں گے, نئی حکومت کے بننے کے بعد ایران کا اعلی سطح وفد پاکستان کا دورہ کرے گا, ایران کے اعلی سطح کے وفد کے دورہ پاکستان کے لئے دونوں ممالک میں ورکنگ جاری ہے, پاکستان اور ایران کے اعلی حکام دورے کے حوالے سے باہمی معاہدوں پر کام کر رہے ہیں, پاک ایران اعلی سطح کے وفود کے تبادلے پاکستان میں نئی حکومت و کابینہ کے قیام کی تکمیل کے بعد ہوں گے۔
سفارتی زرائع کے مطابق وسط اپریل کے بعد پہلا اعلی سطح کا بڑا ایرانی وفد اسلام آباد پہنچے گا, وفد 20 سے 25 افراد پر مشتمل ہو گا جس میں ایران کے سینئر وزرا بھی شامل ہوں گے, وفد پاکستان میں باہمی تجارت, سرمایہ کاری, دفاع, سیکیورٹی اور توانائی کے حوالے سے متعدد مفاہمتی یاداشتوں و معاہدوں پر دستخط کرے گا, ایران پاکستان گیس پائپ لائن, ایران سے پاکستان کوتوانائی کی فراہمی اور سرحدی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم بات چیت کی جائیگی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وفد ایران کے صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی معاملات کو حتمی شکل دے گا, جون میں ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان متوقع ہے, ایرانی صدر اعلی پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔