ایک نیوز :وزیرخارجہ بلاول بھٹو کاکہنا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نقصانات کا سامنا ہوا، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مؤقف پر پوری دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوئی۔
فارن سروسز اکیڈمی میں 42ویں ڈپلومیٹک کورس کے آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں دنیا کا ساتھ دینا ہماری بہترین خارجہ پالیسی کا ثبوت ہے۔ ہمارے فارن سروس آفیسرز نے دنیا بھر میں پاکستان کا مؤقف بہترین انداز میں پیش کیا، ہمیں ہر میدان میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر کے ممالک خارجہ پالیسی ملکی مفاد کے مطابق مرتب کرتے ہیں۔ پاکستان بین الاقوامی برادری کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔خطے میں علاقائی امن کے قیام کیلئے اقدامات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔
بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ہر فورم پر آواز اٹھائی۔جنیوا ریزیلئنٹ کانفرنس کے موقع پر دنیا نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔ حالیہ سیلاب میں امریکا اور چین نے ہماری بھرپور مدد کی۔