عمران خان اُردو میں بتائیں، ایبسلوٹلی ناٹ نعرے کا کیا ہوا ؟ مریم نواز

Feb 14, 2023 | 16:11 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز: مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت بیانیے کی نہیں پرفارمنس کی ضرورت ہے۔نوجوانوں کو عمران خان سے آج سوال کرنا چاہیے، ہمیں کیوں بے وقوف بنایا، گاڑیوں پر غلامی نامنظور کے سٹیکر لگوائے اس کا کیا کریں؟ جھوٹے بیانیے کے لیے لوگوں کو غدار اور ایجنٹ کہا، کوئی ندامت ہے اپنے جھوٹ پر،کوئی شرمندگی !، قوم آپ کی طرح ذہنی طور پر معذور نہیں ہے۔
 لاہور میں  نوجوان لیگی قیادت سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ یہ پہلے کہتے تھے کہ قمر جاوید باجوہ نے جتنی میری مدد کی کسی اور نے نہیں کی، آج کہتے ہیں کہ قمر جاوید باجوہ نے میری حکومت گرائی۔

مریم نواز نے سوال اٹھایا کہ  جنرل (ر) باجوہ سپر کنگ تھے تو آپ کیا تھے، آج جنرل قمر جاوید باجوہ گھر چلے گئے تو آپ نے انہیں نشانے پر رکھ لیا، حکومت جانے کے بعد بھی آپ قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کرتے رہے، انہیں کوئی نہ کوئی بیساکھی چاہیے ہوتی ہے۔

ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مخالف سیاسی قوتوں کے خلاف منظم مہم چلائی گئی۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ میں آج ڈیم والے بابا جی ثاقب نثار کو ڈھونڈ رہی ہوں، اللّٰہ کی شان کہ نواز شریف کو برا کہنے والے ایک دوسرے کو میر جعفر اور میر صادق کہہ رہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بہت سنا ہم کوئی غلام ہیں، امپورٹڈ حکومت، حقیقی آزادی، ایبسلوٹلی ناٹ، آج پوچھ سکتی ہوں حقیقی آزادی کا کیا ہوا؟ غلامی نامنظور کے نعرے کا کیا ہوا؟ جس یوتھ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، اردو میں بتائیں آپ نے جھوٹ بولا، دھوکا دیا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ ان کے جھوٹے بیانیے کا ہمیں جواب دینا پڑتا ہے، لانگ مارچ ملک اور عوام کے لیے نہیں تھا، آپ بتائیں کے آج ملکی معیشت کا کیا حال ہے؟پی ٹی آئی کا کوئی معاشی پلان نہیں تھا، انہوں نے جھوٹ کا نام بیانیہ رکھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دے کر فرار ہو گئے، موجودہ معاشی صورتِ حال میں ہم نئی نوکریاں نہیں نکال سکتے۔

ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ ان کی سیاست دیکھ لیں، جھوٹا بندہ کبھی سچ نہیں بول سکتا، سائفر کا معاملہ فراڈ کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے بیانیے کی وجہ سے لوگوں کو غیر ملکی ایجنٹ کہا گیا، انہوں نے امریکا اور مغربی دنیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کیوں خراب کیے؟

مزیدخبریں