ایک نیوز: پنجاب میں عام انتخابات کب ہوں گے ؟ الیکشن کی تاریخ طے کرنے کیلئے گورنر پنجاب کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس پنجاب میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں وفد کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب شریک ہوئے، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اور سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اہم اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی تشریح کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے دوبارہ رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے ہونے والے مشاورتی اجلاس میں صوبے میں الیکشن کی تاریخ کا تعین نہ ہو سکا۔ گورنر پنجاب لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے اور سنگل بنچ کے فیصلے کے قانونی دائرہ کار کو چیلنج کریں گے۔
گورنر لاہور ہائی کورٹ سے فیصلے کی تشریح کی درخواست کرتے ہوئے پوچھیں گے کہ الیکشن تاریخ سے متعلق فیصلہ کیسے گورنر پنجاب پر لاگو ہوتا ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کی حوالے سے فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں گورنر بلیغ الرحمان سے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا تھا۔