ایک نیوز: ممنوعہ فنڈنگ کیس میں نئی پیش رفت، عمران خان کی درخواست پر اعتراض عائد کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمہ کے کیس کی سماعت ہوئی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت پیشی کی عمران خان کی درخواست پر اعتراض عائد کردیا گیا۔ اعتراض اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عائد کیا۔
رجسٹرار آفس کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تاحال بائیو میٹرک تصدیق نہیں کروائی۔ یاد رہے کہ عمران خان نے بینکنگ کورٹ کے 31 جنوری کے حکم کو چیلنج کیا ہے۔ بینکنگ کورٹ نے عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی درخواست مسترد کی تھی۔ عمران خان کی درخواست اعتراضات کے ساتھ کل سماعت کے لیے مقرر ہونے کا امکان ہے۔
عمران خان نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ بینکنگ کورٹ کا 31 جنوری کا حکمنامہ کالعدم قرار دیا جائے۔ صحتیاب ہونے تک ویڈیو لنک پر عدالت حاضری کی اجازت دی جائے۔ بینکنگ کورٹ نے کل 15 فروری کو عمران خان کو پیشی کے لیے آخری موقع دے رکھا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان عبوری ضمانت کے دوران عدالت ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونا چاہتے ہیں۔ عمران خان نے طبی بنیادوں پر ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی استدعا کی ہے۔