ایک نیوز: گاڑیوں کی قیمتوں میں تاریخی اضافے کے بعد سوزوکی کمپنی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ جہاں سوزوکی آلٹو کی فروخت میں تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گاڑیوں کی قیمتوں میں تاریخی اضافے کے بعد گاڑیوں کی فروخت میں تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان آٹو موٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی اے ایم اے) کے ماہانہ سیلز ڈیٹا کے مطابق پاک سوزوکی موٹر کمپنی (پی ایس ایم سی) کو اس کا سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔
گزشتہ ماہ سوزوکی آلٹو کے صرف 44 یونٹ ہی فروخت ہوسکے۔ جبکہ گزشتہ سال دسمبر میں آلٹو کے 3864 یونٹ فروخت ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے کمپنی ہر ماہ آلٹو کے 5 ہزار سے زیادہ یونٹ سیل کررہی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ بار بار پروڈکشن بند کرنے کی وجہ سے کاروں کی فروخت پر اثر پڑا ہے اور گزشتہ ماہ ویگن آر سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کار رہی ہے۔ جس نے ایک ماہ کے دوران صرف 671 یونٹ سیل کیے ہیں۔
پاک سوزوکی موٹر کمپنی گزشتہ ماہ صرف 2946 یونٹ سیل کرپائی ہے جو کہ گزشتہ سال اسی ماہ کے مقابلے میں 74 فیصد کم ہے۔