پاک امریکا تعلقات کی بہتری کیلئے امریکی وفد کا دورہ پاکستان

us delegation visit pak
کیپشن: us delegation visit pak
سورس: google

 ایک نیوز : امریکا کی وزارت خارجہ کے کاؤنسلر ڈیرک شولے کی سربراہی میں ایک وفد پانچ روزہ دورے پر 14 فروری کو پاکستان اور بنگلہ دیش پہنچے گا اور دوسری طرف پاکستان کا ایک دفاعی وفد درمیانی سطح کی دفاعی ملاقاتوں کے لیے واشنگٹن میں موجود ہے۔

وائس آف امریکا کی  رپورٹ کے مطابق  پینٹاگان نے تصدیق کی ہے کہ واشنگٹن آنے والے پاکستانی دفاعی وفد کے ساتھ بات چیت کا آغاز  ہوچکا ہے اور پاکستانی وفد  نےمتعدد امریکی دفاعی اہل کاروں سے ملاقات کی ہے۔ چیف آف جنرل سٹاف جنرل محمد سعید کی قیادت میں یہ وفد پاکستان کی وزارت خارجہ، جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز اور تین سروسز ہیڈ کوارٹرز کے سینئر حکام پر مشتمل ہے۔دفاعی مذاکرات کے دوران دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

پینٹاگان  کا کہنا ہے کہ  امریکا پاکستان کے ساتھ وسیع پیمانے پر مسائل پر کام کر رہا ہے، اور علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں دونوں ممالک کا مشترکہ مفاد ہے۔امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری چاہتا ہے اور وہ علاقائی اور عالمی دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے کے لیے تعاون پر مبنی باہمی کوششوں کا منتظر ہے۔

ایک سوال پر محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بھی انہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور پاکستان دونوں ملکوں کے مابین سیکیورٹی سمیت متعدد اہم مسائل پر بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا  کہ ہم پاکستان کے ساتھ وسیع تر مسائل پر بات چیت کرتے ہیں، ہم اپنے پاکستانی شراکت داروں اور حکومت کی تمام سطحوں کے ساتھ نتیجہ خیز مصروفیت کو برقرار رکھتے ہیں اور ہم ان چیزوں کا مقابلہ کرنے میں مشترکہ دلچسپی رکھتے ہیں جو کچھ معاملات میں علاقائی سلامتی اور ہماری سلامتی کے لیے مشترکہ خطرات ہیں۔ 

امریکی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیرک شولے کی سربراہی میں امریکی وفد 14-18 فروری کو بنگلہ دیش اور پاکستان جائے گا جو دو طرفہ شراکت کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور ان ممالک کے مشترکہ اہداف کی توثیق کرنے کے لیے سینئر سرکاری حکام، سول سوسائٹی کے اراکین اور کاروباری رہنماؤں سے ملاقات کرے گا۔

اس بیان کے مطابق پاکستان میں امریکی وفد اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے، موسمیاتی بحران کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تعاون، اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان عوام کے رابطوں کو بڑھانے کے لیے اعلیٰ حکام سے ملاقات کرے گا۔ وفد دونوں قوموں کے درمیان مضبوط سیکیورٹی تعاون کی بھی توثیق کرے گا۔

کونسلر ڈیرک شولے کے ساتھ امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی کی کونسلر کلنٹن وائٹ اور امریکی محکمہ خارجہ میں جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری الزبتھ ہورسٹ بھی شامل ہیں۔