تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن معطل

تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن معطل

ایک نیوز: تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا گیا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق بورڈ آف ریونیو پنجاب نے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ پنجاب کی حد بندی کے خاتمے تک ضلع تونسہ کو معطل کیا جاتا ہے۔نوٹیفکشن کے مطابق سابق پنجاب حکومت نے دسمبر 2022 کو تونسہ شریف کو ضلع بنایا تھا لیکن موجودہ حکومت نے تونسہ شریف کی معطلی کا نوٹیفکیشن متعلقہ محکموں کو ارسال کردیا۔ الیکشن کمیشن نے تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں کا عمل جاری ہونے پر نیا ضلع نہیں بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی نے گزشتہ سال دسمبر میں تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ تونسہ شریف کو ضلع کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ جس کے مطابق وہوا، تونسہ اور کوہ سلیمان کی تحصیلیں نئے ضلع میں شامل ہونگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن ایم این اے خواجہ شیراز المحمود اور محمد خان لغاری سے ملاقات کے دوران دیا تھا۔وہوا، تونسہ اور کوہ سلیمان کی تحصیلوں کو نئے ضلع تونسہ میں شامل کیا جانا تھا جبکہ ضلع تونسہ 362 یونین کونسلوں پر مشتمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پرویز الہی کا کہنا تھا کہ تونسہ ضلع میں تعمیر و ترقی کا نیا اور حقیقی باب شروع ہوگا،عوام کے مسائل اب ان کی دہلیز پر حل ہوں گے اور علاقے میں خوشحالی آئے گی ۔ہزاروں لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، چند ماہ کے قلیل عرصے میں 5 اضلاع اور ایک ڈویژن کا قیام پنجاب کی تاریخ میں مثال ہوگا۔15دسمبر کو وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے تونسہ شریف کو ضلع کا درجہ دینے کی حتمی منظوری  بھی دی تھی، اس سے قبل مری، وزیرآباد، تلہ کنک اور کوٹ ادو کو بھی ضلع کا درجہ دیا جاچکا ہے۔