نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا  اچانک دورہ 

Feb 14, 2023 | 11:21 AM

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا  اچانک دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی ان کے ہمراہ تھے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کیلئے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔  محسن نقوی نے ڈیجیٹل کیمروں کے ذریعے لاہور میں سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ نظام کا معائنہ کیا۔ 

محسن نقوی نے ڈیجیٹل وال پر مختلف علاقوں خصوصا پی ایس ایل روٹس کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سیف سٹیز اتھارٹی کے عملے سے ملاقات کی اور اس دوران وہ ان کے درمیان گھل مل گئے۔ انہوں نے عملے کو جانفشانی اور جذبے سے کام کرنے کی ہدایت کردی۔ 

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی ایس ایل کی مانیٹرنگ کیلئے راولپنڈی اور ملتان میں لگائے کیمروں کو سیف سٹی لاہور سے منسلک کیا جائے۔ انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے درست استعمال سے شہریوں کو بہترین ٹریفک پلان دیا جائے۔

محسن نقوی نے پی ایس ایل ڈیوٹی پر مامور پولیس و دیگر عملے کےلئے کھانے پینے و چائے کے انتظامات کی ہدایت کردی۔  

منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان نے وزیراعلیٰ کو پی ایس ایل سکیورٹی و سرویلنس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیف سٹیز اتھارٹی لاہور میں 550 خصوصی کیمروں سے پی ایس ایل کی نگرانی کر رہی ہے۔ کھلاڑیوں اور شائقین کے روٹس، ہوٹل اور سٹیڈیم کی مانیٹرنگ کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ سیف سٹیز ٹیکنیکل ٹیمیں 24 گھنٹے فیلڈ میں ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔ 

مزیدخبریں