کرونا سے بڑھ کر موجودہ حکومت نے پاکستان کو نقصان پہنچایا،زلفی بخاری

کرونا سے بڑھ کر موجودہ حکومت نے پاکستان کو نقصان پہنچایا،زلفی بخاری
کیپشن: More than Corona, the current government has harmed Pakistan, Zulfi Bukhari(file photo)

ایک نیوز: ورجن اٹلانٹک کی جانب سے پاکستان سے فضائی آپریشن معطل کرنے کے اعلان پر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما زلفی بخاری کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوروناء وباء کے باوجود پاکستان کیلئے پروازوں کا آغاز کرنے والی ورجن اٹلانٹک نے پاکستان میں اپنے تمام آپریشنز بند کر دیے۔ ورجن اٹلانٹک نے دسمبر 2020 میں پاکستان کیلئے پروازوں کا آغاز کیا تھا۔ ورجن اٹلانٹک نے پاکستان کیلئے پروازوں کا آغاز اس وقت کیا جب اس نے امریکہ جیسے منافع بخش ملک کیلئے بھی پروازیں روک رکھی تھیں۔ 

ورجن اٹلانٹک کو پاکستان لانے میں وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ ورجن اٹلانٹک کی پروازوں کی بندش پر زلفی بخاری کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ 

اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ورجن اٹلانٹک کا پاکستان سے چلا جانا اس حکومت کے ہاتھوں ہماری تباہی اور ناکامی کی ایک اور افسوسناک اطلاع ہے۔ پاکستان کو بین الاقوامی ہوائی کمپنیوں کے ذریعے دنیا سے جوڑنے کیلئے ہم نے نہایت توجہ سے محنت کی۔  کوروناء جیسی عالمی وباء کے دوران بھی ہم نے ورجن اٹلانٹک جیسی کمپنیوں کو فعال رکھا۔ موجودہ حکومت کوروناء وباء سے بھی بڑھ کر تباہ کن ثابت ہوئی ہے۔