ایک نیوز: مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی میں دوریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ مریم نواز کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کے گھر جاکر ملاقات کی خواہش پر کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے اندرونی اختلافات میں شدت آنے لگی۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کی طرز سیاست پر مریم نواز نے تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔
پارٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سینئر نائب صدر مریم نواز کی خواہش کے باوجود سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ان کی ملاقات نہ ہوسکی۔ مریم نواز دو دن اسلام آباد میں مقیم رہیں۔ تاہم انہیں شاہد خاقان عباسی کے گھر جانے کے پیغام کا بھی جواب نہ مل سکا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی اور مرکزی قیادت میں دوریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ مریم نواز نے پی ڈی ایم کے طرز سیاست سے بھی خود کو الگ کرلیا۔ چیف آرگنائزر نے پارٹی کو فعال بنانے پر فوکس کرلیا۔
مریم نواز نے اپنے واضح پیغام میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی سیاست اور فیصلوں کی ن لیگ بطور پارٹی پابند نہیں ہوگی۔ مریم نواز آئندہ عام انتخابات بھی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے نہیں لڑنا چاہتیں۔