ایک نیوز: سندھ ہائیکورٹ نے مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں دانیہ شاہ کی ضمانت منظور کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عدالت نے ملزمہ دانیہ شاہ کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیاہے۔سندھ ہائیکورٹ نے دانیہ شاہ کو 20لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے۔ عدالت کی جانب سے جاری تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ دانیہ شاہ کی ضمانت بیس لاکھ روپے میں ضمانت منظور کی گئی ہے۔ ویڈیو وائرل کرنے کا الزام میں مزید تحقیقات ضروری ہیں۔سرکاری وکیل کے مطابق ملزمہ نے ایک انٹرویو میں ویڈیو بنانے کا اعتراف کیا ہے۔ اس واقعہ کے دو گواہان ہیں کیمرا مین اور انٹرویور،ماتحت عدالت دونوں گواہوں کے بیان کی روشنی میں بہتر فیصلہ کرسکتی ہے۔
عدالت کی جانب سے جاری تحریری حکمنامہ میں کہا گیاہے کہ ملزمہ کے مطابق جس موبائل فون میں ویڈیو تھی اسے بیچ دیا تھا۔حیران کن طور پر ایف آئی اے نے فروخت شدہ موبائل فون برآمد کیا نہ ہی موبائل خریدنے والے سے انکوائری کی۔اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ عورت پر پرائیویسی کی خلاف ورزی کا اثر مرد پر پڑنے والے اثرات سے کہیں زیادہ ہے ۔مجرموں کو سزا ملنی چاہیے لیکن، ضمانت کے اس مرحلے پرعورت مرد سے زیادہ رعایت کی حقدار ہے۔اس بات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ ملزمہ 18 سالہ لڑکی ہے جس کی شادی کم عمری میں کر دی گئی تھی۔ عدالت نے دانیہ شاہ کو انٹرویو اور سوشل میڈیا پر بیانات دینے سے روک دیا ہے۔ عدالت نے ملزمہ دانیہ کو براہ راست یا کسی بھی طریقے سے کیس کے گواہوں سے رابطہ کرنے سے روک دیا ہے۔اگر ملزمہ نے ضمانت کا غلط فائدہ اٹھایا تو ضمانت منسوخ کردی جائیگی۔دانیہ شاہ پر الزامات کے حوالے سے ٹرائل کورٹ فیصلہ کرے گی۔ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ مرد ہو یا عورت قانون دونوں کے لئے برابر ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم نے عامر لیاقت کی تیسری بیوی دانیہ شاہ کو اپنے شوہر کی نازیبا ویڈیوز لیک کرنے کے الزام میں لودھراں سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ لودھراں کے نواحی گاؤں ڈانوراں میں دانیہ شاہ کے گھر چھاپہ مارا اور انہیں گرفتار کرلیا تھا۔
عامر لیاقت نے جنوری 2022 میں دانیہ ملک سے تیسری شادی کی تھی تاہم جلد ہی دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔ دانیہ شاہ نے بہاولپور کی عدالت میں خلع کی درخواست دائر کر رکھی تھی کہ اسی دوران عامر لیاقت کی بیڈ روم کی کچھ نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن کے حوالے سے عامر لیاقت انتہائی صدمے کی کیفیت میں تھے، انہوں نے ان ویڈیوز پر روتے ہوئے ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا۔ سٹی کورٹ نے ڈاکٹرعامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کا کیس عدالت نے دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کردی تھی۔ دانیا شاہ کی جانب سےجرم سے انکارکرنے پرعدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیے تھے ۔