ایک نیوز: متنازعہ ٹوئٹ کیس میں اعظم سواتی کو ریلیف نہ مل سکا۔ عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق متنازعہ ٹویٹ کیس میں اعظم سواتی کی ضمانت منسوخی کیلئے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ اعظم سواتی کی راولپنڈی تقریر کے بعد ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے درخواست پر سماعت کی۔ سپیشل پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ اعظم سواتی نے دوبارہ اداروں سے متعلق متنازعہ گفتگو کی ہے۔ سپیشل پراسیکیوٹر کی جانب سے متنازعہ گفتگو کے ٹرانسکرپٹ کا کچھ حصہ عدالت کے سامنے پڑھا گیا۔
عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ٹرائل کس سٹیج پر ہے؟ اس پر سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ فرد جرم عائد ہونی ہے۔ اعظم سواتی ضمانت کا غلط استعمال کررہے ہیں۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ اس طرف ابھی نہ جائیں۔ ٹرائل جلد مکمل کرانے پر فوکس کریں۔ عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر کی مہلت کی استدعا منظور کرلی۔ کیس کی مزید سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔