ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا استحقاق ہے لیکن ہم بھی اپوزیشن کا بھرپور سیاسی مقابلہ کریں گے، پیپلز پارٹی انتخاب نہیں عدم اعتماد چاہتی ہے جبکہ ن لیگ نے اپنے منشور ’ووٹ کو عزت دو‘ کی نفی کر دی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران نے اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد کا ووٹ دینے کا وعدہ نہیں کیا بلکہ انکار کر دیا ہے، جن کا پیٹ کاٹنا تھا ان کے دروازے پر کیوں جارہے ہیں۔
دورہ ملتان کے موقع پر بلاول بھٹو کی جانب سے کی جانے والی تنقید سے متعلق سوال پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا بلاول ملتان آیا تھا، بلاول بیٹا تیاری کرلوں میں لاڑکانہ آرہا ہوں، تمہارے سوالوں کا جواب دوں گا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہم سندھ کے حقوق کا تحفظ کرنے نکلے ہیں، 26 تاریخ کے لانگ مارچ کی میں خود قیادت کروں گا۔