خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ری پولنگ ہوئی۔ 13 اضلاع میں سٹی میئر، تحصیل چیئرمین، نیبرہڈ، ویلج کونسلز کی سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ انیس دسمبر کو پہلے مرحلے کے انتخابات میں ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کئی پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔
سب سے اہم نشست سٹی میئر ڈی آئی خان پر پی ٹی آئی نے دھاک بٹھا دی۔ وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے۔
سٹی میئر پشاور میں 6 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ ووٹ کاسٹ کئے گئے۔ جے یو آئی کے زبیر علی نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے مزید 1030 ووٹ حاصل کرلئے، ان کے ووٹوں کی مجموعی تعداد 63 ہزار 418 ہوگئی۔ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش مزید 736 ووٹ حاصل کرسکے، انہوں نے مجموعی طور پر 51 ہزار 395 ووٹ حاصل کئے۔
پشاور کی تحصیل پشتخرہ میں جے یو آئی کے ہارون صفت نے مزید 26 ووٹ لے کر سیٹ اپنے نام کرلی۔ خیبر کی تحصیل باڑہ میں ری پولنگ کے دوران آزاد امیدوار عبدالرزاق آفریدی نے 985 ووٹ لئے مگر مجموعی ووٹوں کی تعداد میں وہ جے یو آئی کے مفتی کفیل سے نشست ہار گئے۔
کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ میں پی ٹی آئی کے عنایت خٹک کامیاب ہوئے۔ بنوں کی تحصیل ڈومیل میں سیٹ پی ٹی آئی کے اسرار خان وزیر کے نام رہی۔ نوشہرہ کی تحصیل جہانگیرہ میں دوبارہ گنتی میں پی ٹی آئی کے کامران رازق منتخب ہوئے۔