ویب ڈیسک :مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں سرخرو کیا، پورے ملک سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔میرے خلاف اپنی مرضی کے فیصلےلینے کیلئے ججز کے گھروں میں جا کر دھمکیاں دی گئیں۔
تفصیلات کےمطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ اپنے خلاف ہونیوالی منظم سازش بیان کروں تو بہت دیر لگ جائے، میری جماعت کا ہر کارکن مبارک باد کا مستحق ہے، عوام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی دعاؤں نے مجھے حوصلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف منظم سازش کا آغاز دھرنے سے شروع ہوا تھا، کس طرح جسٹس کھوسہ نے درخواست گزار کو کہا میرے پاس درخواست لے کر آو۔ مطلوبہ فیصلے حاصل کرنے کیلئے ججز کے گھروں میں جا کر دھمکیاں دی گئیں۔ مجھے سسلین مافیا کی گالیاں دی گئیں۔ یہ ساری باتیں ریکارڈ پر آ چکی ہیں۔ اس شرمناک کھیل کے سارے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔
میں طویل عرصہ جیل میں رہا اپنی بیٹی کے ہمراہ سینکڑوں پیشیاں بھگتی , الزامات تھونپے گئے , گالیاں کھائی , کردار کشی ہوئی ,لیکن میرے یہ زخم ہر روز تازہ ہوتے ہیں کہ میں اپنے والد محترم کو کندھا نہ دے سکا , اپنی والدہ محترمہ کا تابوت قبر میں نہیں اتار سکا , زندگی کے ہر لمحے میں سہارا… pic.twitter.com/qc8qyDQdLu
— PMLN (@pmln_org) December 14, 2023
نوازشریف کا کہنا تھا کہ آج بے گناہ قرار دیئے جانے پر پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو مشکلات کا لمبا سلسلہ نظر آتا ہے۔ مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر وزارت عظمیٰ سے معزول اور نااہل کیا گیا۔ بیٹی کے ہمراہ سینکڑوں پیشیاں بھگتیں۔ اپنے والد اور والدہ کا تابوت قبر میں نہیں اتار سکا۔ زندگی کے ہر لمحے میں ساتھ دینے والی اہلیہ کے ساتھ آخری لمحات نہیں گزار سکا۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف نیب کو کس طرح 3 ریفرنس دائر کرنے کا کہا گیا۔ جے آئی ٹی کیلئے واٹس ایپ پر ہیرے چنے گئے مگر جھوٹ ، فریب اور سازشوں کی قلعی کھل گئی اور سچ سامنے آ گیا۔
لیگی قائد نے سوال اٹھایا کہ کسی لاڈلے کو لانے کیلئے پاکستان کو سزا کیوں دی گئی، روپے کی قدر کیوں مٹی میں ملائی گئی۔ میرے دور میں روٹی 5 روپے کی تھی، آج 25 روپے کی ہو گئی ہے، عوام کیلئے آٹا، دالیں ، سبزیاں اور بجلی، گیس کیوں مہنگی کر دی گئی۔ ہم نے تو ائی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔ مجھے ہٹا کر عوام کو سزا دی گئی۔ حقیقی خوشی تب ملے گی جب عوام سے یہ سزائیں ختم ہو جائیں گی۔