ناقص سکیورٹی:بھارتی لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ،کارروائی ملتوی

indian parliament
کیپشن: indian parliament
سورس: google

  ویب ڈیسک :  بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں سکیورٹی میں چوک کے معاملے پر زبردست ہنگامہ آرائی کی۔ جس کے بعد ایوانوں کی کارروائی کو ملتوی کر دیا گیا۔
 رپورٹ کے مطابق بھارتی  اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ناقص سکیورٹی کے معاملے پر زبردست ہنگامہ آرائی کی۔ جس کے بعد ایوانوں کی کارروائی کو ملتوی کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق لوک سبھا میں ارکان پارلیمنٹ نے نعرے بازی کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کر دیا، جس کی وجہ سے اسپیکر اوم برلا کو ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ 

لوک سبھا میں ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے سیکورٹی میں چوک کے معاملے پر حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے شوروغل شروع کردیا اور کرسی کے سامنے آکر نعرے بازی شروع کردی۔ مسٹربرلا نے ہنگامہ کے درمیان وقفہ سوالات کی کارروائی شروع کی لیکن ہنگامہ جاری رہا۔

راجیہ سبھا میں بھی جمعرات کو زبردست ہنگامہ ہوا۔ اپوزیشن ارکان سکیورٹی کے معاملے پر وزیر داخلہ سے بیان کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ہنگامہ آرائی کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ کانگریس، ترنمول کانگریس، آر جے ڈی، جے ڈی یو، اے اے پی سمیت کئی اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان پارلیمنٹ سیکورٹی کے مسئلہ پر بحث کے دوران نعرے لگاتے رہے۔

ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن کو اسپیکر نے فوری طور پر ایوان سے نکلنے کا حکم دیا تھا۔ اپوزیشن کے 28 ارکان نے پارلیمنٹ کی سکیورٹی سے متعلق امور پر بحث کے لیے نوٹس دیے تھے تاہم چیئرمین نے قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے اجازت نہیں دی۔ اس کے بعد اپوزیشن ارکان اسمبلی اسپیکر کی نشست کے بالکل سامنے کنویں میں آگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔

 دوسری طرف لوک سبھا کی سکیورٹی میں  والی کوتاہی کے معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے پارلیمنٹ عملے کے 8 ارکان کو معطل کر دیا گیا۔  پارلیمنٹ عملے کو ان 8 ارکان کو لوک سبھا کی سکیورٹی میں ہونے والی کوتاہی کی جاری اعلیٰ سطحی جانچ میں ابتدائی سطح پر پائی جانے والی غلطیوں کی بنیاد پر معطل کیا گیا ہے۔

دریں اثنا، کانگریس کے سینئر لیڈر منیش تیواری نے جمعرات کو پارلیمنٹ کی ایک مشترکہ کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا جس میں پولیسنگ، سکیورٹی اور قانون کا تجربہ رکھنے والے ارکان شامل ہوں تاکہ 13 دسمبر کو پارلیمنٹ کی سکیورٹی میں کوتاہی کی تحقیقات کی جا سکیں۔