ایک نیوز : الیکشن کمیشن کا بیوروکریسی سے ریٹرنگ آفیسرز کی خدمات حاصل کرنے کا نوٹیفکیشن لاہورہائی کورٹ کی جانب سے معطل کیے جانے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی جاری ٹریننگ روک دی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن مورخہ 11 دسمبر 2023 کی معطلی کے بعد الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی جاری ٹریننگ کو روک دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے بیوروکریسی سے ریٹرننگ آفیسر کی خدمات حاصل کرنے کا الیکشن کمیشن کا جاری کردہ نوٹیفیکشن معطل کردیا تھا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے لیے ایگزیکٹو آفیسرز کی خدمات حاصل کرنے کیخلاف دائر درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو ارسال کر دی تھی۔
قبل ازیں دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت سے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عدلیہ کو خطوط لکھے مگر مقدمات زیادہ ہونے کے باعث انہوں نے جوڈیشل افسروں کی خدمات فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا۔
واضح رہے کہ پیر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن میں کہا تھا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز فروری میں عام انتخابات میں بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔