ایک نیوز: پاکستان اوورسیز کمیونٹی کے وفد نے میجر شبیر شریف (نشان حیدر) کے مزار پر حاضری دی۔ وفد نے شہید کے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اوورسیز کمیونٹی کے وفد نے میاں طارق جاوید کی قیادت میں شہید کے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ چیئرمین پاکستان اوورسیز کمیونٹی نے 1971 سمیت تمام جنگوں کے شہیدوں اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
میجر شبیر شریف نے جس جرات و بہادری سے دفاع وطن کے لیے عظیم قربانی دی، وہ بے مثال ہے۔ انہوں نے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے مقابلے میں پوری قوم کے مضبوط اتحاد پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک آرمی دہشت گردی کے خلاف کامیاب ہونے والی واحد فوج ہے، غازیوں اور شہدا کی خدمات اور قربانیاں قوم کے لئے باعث حیات ہیں۔ انہوں نے بالخصوص دہشت گردی کے خلاف حالیہ آپریشنز میں جانیں قربان کرنے والے وطن کے سپوتوں کو سلام پیش کیا۔
وفد کے ارکان نے شہدا کے ورثا کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اوورسیز پاکستانی اس وجہ سے بیرون ملک رہتے ہوئے اپنے ملک کی خدمت میں بے فکری سے مصروف رہتے ہیں کہ ان کے لواحقین کی حفاظت کے لیے پاکستان کی مسلح افواج ہمہ وقت تیار ہیں۔