علمائے کرام کی ڈی آئی خان میں ہونے والی دہشت گردی کی بھرپور مذمت 

Dec 14, 2023 | 11:15 AM

ایک نیوز: ڈی آئی خان میں ہونے والی دہشت گردی میں پاک فوج کے 23 جوان وطن پر قربان ہو گئے۔ علماء کرام نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی دہشتگردانہ کارروائیوں کا دین سے کوئی تعلق نہیں۔

تفصیلات کے مطابق مختلف مدارس اور جامعات سے منسلک علمائے کرام نے اپنے ویڈیو پیغامات میں ڈی آئی خان دہشت گردی پر نہایت دکھ کا اظہار کیا ہے۔  مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں ہونے والی دہشتگردی میں پاک فوج کے 23 جوان وطن پر قربان ہو گئے، ایسی دہشتگردانہ کارروائیوں کا دین سے کوئی تعلق نہیں۔ 

مولانا محمد شعیب نے کہا کہ ہم اس دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستانی قوم کے عزم کو یہ دہشتگرد متزلزل نہیں کر سکتے، ہم اپنے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ایسے دہشتگرد عناصر کے آلہ کار نہ بنیں، عوام سے اپیل ہے کہ اپنے عسکری اداروں کو مضبوط کریں۔ 

ڈاکٹر عبدالرحمن نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع اور اسلام کی سربلندی کے لئے ہمارے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم عسکری قیادت کے ساتھ کھڑی ہے، ہم ایک تھے اور ایک رہیں گے۔ 

مولانا محمد طیب قریشی نے کہا کہ پاکستان بھر کے علماء اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردوں کو منہ کی کھانی پڑے گی، پاک فوج پر حملہ پاکستان اور عالم اسلام پر حملہ ہے۔

مزیدخبریں