اے این ایف کی کارروائیاں: 1ٹن، 74 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد، 8 ملزمان گرفتار

اے این ایف کی کارروائیاں: 1ٹن، 74 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد، 8 ملزمان گرفتار
کیپشن: ANF ​​operations: 1 ton, more than 74 kg of drugs recovered, 8 accused arrested

ایک نیوز: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق گزشتہ روز 14 آپریشنز کے دوران ایک ٹن 74 کلو گرام منشیات اور 1830 عدد نشہ آور گولیاں برآمد کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان اے این ایف کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ امین پور انٹرچینج فیصل آباد کے قریب گاڑی سے 110.4 کلو گرام افیون اور 403.2 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔  گوادر کے علاقے پیشوکان میں دوران کارروائی 130 کلو چرس برآمد ہوئی۔ 

شکار پور روڈ سکھر پر دورانِ  کارروائی ٹرک سے 110 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ چمن کے غیر آباد علاقے سے 100 کلو چرس برآمد کی گئی۔ اسی طرح نوکنڈی چاغی کے غیرآباد علاقے سے 84 کلو افیون برآمد ہوئی۔ 

اسی طرح باجوڑ کے علاقے سے 51.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ ورسک روڈ پشاور کے قریب گاڑی سے 14.4 کلوگرام افیون اور 28.8 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب برساتی نالے سے 24 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ 

شاہراہِ فیصل کراچی پر واقع کوریئر آفس میں جاپان بھیجے جانے والے پارسل سے 10 کلو آئس برآمد ہوئی۔ زخہ خیل خیبر میں تین ملزمان سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ سے 0.9 کلو گرام آئس برآمد ہوئی۔ ملزم بذریعہ پرواز نمبر QR-601 دوحہ کےلئے روانہ ہو رہا تھا۔

لیبر کالونی پشاور پر گاڑی سے 2.4 کلوگرام افیون برآمد ہوئی۔ جس پر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ جوہر ٹاؤن لاہور میں واقع کوریئر آفس میں قطر بھیجے جانے والے پارسل سے 640 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ پاک افغان بارڈر چمن پر پارسل سے 1830 الپرازولم (نشہ آور) گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ 

گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔