ایک نیوز نیوز:لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے صحافی برادری سے کیا ایک اور وعدہ پورا کردیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اپنے پہلے فیز میں صحافی کالونی فیز ٹو کے لئے 700کنال اراضی الاٹ کر دی ہے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے روڈا کے فیز ون میں 700کنال اراضی الاٹ کرنے کے بارے میں پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو آگاہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری اور سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم کی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ اقبال چودھری اور ڈی جی پی آر راؤ پرویز اختر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اراضی الاٹ کرنے کے حوالے سے روڈا کا نوٹیفکیشن اعظم چودھری اور رانامحمد عظیم کودیا۔
اس موقع پر وزیراعلی پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ روڈا فیز ون میں ترقیاتی کام پہلے سے ہی جاری ہے۔ صحافیوں کے لئے چھت فراہم کرنا میری اولین ترجیح ہے۔پچھلے دور میں بھی صحافیوں کو پلاٹ دئیے او راب بھی پلاٹ دینے کا وعدہ پورا کیاہے۔صحافی کالونی فیز ٹو میں پریس کلب ملازمین اور معذور،بیمار صحافیوں کو بھی پلاٹ دئیے جائیں گے۔
لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری اور سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم نے صحافی کالونی فیزIIکے لئے 700کنال اراضی کے نوٹیفکیشن پر وزیراعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
رانا محمد عظیم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کایہ اقدام صحافی ہمیشہ پہلے کی طرح یاد رکھیں گے۔ اعظم چودھری نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی پوری صحافی برادری کے محسن ہیں۔ صحافیوں کے لئے اپنی چھت کا خواب آپ نے پورا کیاہے۔