عالمی برادری کے سامنے بھارتی دہشت گردی کے شواہد پیش

Dec 14, 2022 | 16:42 PM

ایک نیوز نیوز: وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہمسائے کے گھر آگ لگائے گا تو یہ اس کے اپنے گھر بھی جائے گی۔ جوہر ٹاؤن دھماکے میں بھارتی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کردیے۔ 

تفصیلات کے مطابق خارجہ امور کی وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج سیکرٹری خارجہ اسد مجید نے اسلام آباد میں موجود غیر ملکی سفارتکاروں کو سانحہ جوہر ٹاؤن میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد پر مبنی بریفنگ دی اور باقاعدہ ڈوزیئر سفارتکاروں کو فراہم کیا۔

حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر یہ معاملہ اٹھائے گا۔ دہشت گردی امن و خوشحالی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ سانحہ جوہر ٹاؤن میں بھارت کے ملوث ہونے کے حوالے سے ہم نے ٹھوس شواہد کا انتظار کیا۔

سانحہ جوہر ٹاؤن میں بھارتی دہشت گردی کے باعث معصوم لوگ شہید ہوئے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں بھارت سے زیادہ بہتر دہشتگردی کا استعمال کوئی اور ملک نہیں کرتا۔ بھارت دہشت گردی کو ہوا دے کر چاہتا ہے کہ خطے میں ترقی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ دہشت گردی پھیلانے والا بھارت سلامتی کونسل میں مستقل نشست کی بات کر رہا ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لاہور واقعہ کے ذمہ داران بھارت کی پناہ میں ہیں۔ پاکستان نے چار بھارتی شہریوں کے ریڈ وارنٹ حاصل کر لیے ہیں۔ 

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت داخلی سطح پر دہشت گردی اور مسلم کش فسادات کرواتا ہے جبکہ خطے میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔ بھارت نے دہشتگردی کو آلے کے طور پر اور پھر دہشت گردی ہی کو مظلوم بننے کے لئے استعمال کیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت کی دہشت گردی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی موجودہ حکومت نے انتخابی مقاصد کے لیے ایک نیوکلیئر ملک میں جنگی طیارے بھیج دیئے۔ مختلف سوالوں کے جواب میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مسائل کم کرنا چاہ رہا ہے لیکن بھارت کی موجودہ حکومت کا طرز عمل ہمیشہ سے منفی رہا۔

وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی دہشتگردی کا فوری نوٹس لے۔اگر عالمی برادری نے بھارت کے خلاف فوری کاروائی نہ کی تو بھارت کی لگائی ہوئی آگ ان تک بھی پہنچ جائے گی۔

مزیدخبریں