بلاول بھٹو کی بھارتی ہم منصب جےشنکر سے خوشگوارماحول میں طویل ملاقات

Dec 14, 2022 | 16:25 PM

ایک نیوز نیوز: کفرٹوٹا خدا خدا کرکے۔ پاک بھارت کشیدہ تعلقات سے برف پگھلنے لگی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی بھارتی ہم منصب جے شنکر سے انتہائی اہم ملاقات ہوئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ملاقات نیویارک کے سفر کے دوران جہاز میں ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ 13 دسمبر کو خلیجی ملک کے جہاز میں دونوں رہنماؤں نے طویل ملاقات کی۔ دونوں نے ایک دوسرے سے گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔ 

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، اختلافی امور سمیت  باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سبرامنیم جے شنکر منگل کی صبح نیویارک پہنچے۔ ان کے بھارتی ہم منصب بھی اسی پرواز میں موجود تھے۔ 

بتایا گیا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ کی پندرہ گھنٹے کی پرواز کے دوران ملاقات ہوئی۔  

یاد رہے کہ ڈاکٹر سبرامنیم جے شنکر رواں ماہ کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر ہیں۔ پندرہ رکنی سلامتی کونسل کا اہم اجلاس انہی کی زیرصدارت ہوگا۔

ذرائع کے مطابق جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر دونوں وزرائے خارجہ الگ الگ راستے سے روانہ ہوئے۔ بھارتی اور پاکستانی وزرائے خارجہ کی دوران پرواز ملاقات بظاہر خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ 

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس ملاقات میں کسی بریک تھرو کا امکان نہیں ہے اور نہ ہی وزرائے خارجہ کی طویل ترین پرواز کے دوران ملاقات اتفاق ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سبرامنیم جے شنکر اقوام متحدہ کے ہیڈکواٹرز میں مہاتما گاندھی کے ایک مجسمے کی نقاب کشائی کریں گے۔

 پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کی G77 کانفرنس میں شرکت کے بعد واشنگٹن روانہ ہوجائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری تین روزہ قیام کے دوران امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

مزیدخبریں