لاہور میں رات 10 بجے مارکیٹیں اور ریسٹورینٹس بند کرنے کا حکم

Dec 14, 2022 | 16:03 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران صوبے میں اس کی بڑھتی شدت کے باعث بیماریوں کے خدشے کے پیشِ نظر شہر کی تمام مارکیٹیں رات دس تک بند کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں رات 10 بجے مارکیٹیں اور ریسٹورینٹس بند کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر کی اسموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔دورانِ سماعت عدالت نے حکم دیا کہ مارکیٹیں رات 10 بند کی جائیں اور  جمعہ کے روز اسکول بند رکھیں جائیں، جو بھی اسکول جمعہ کو کھلے اسے سیل کردیا جائے۔عدالت  نے اپنے حکم میں کہا کہ محکمہ ایجوکیشن عدالتی فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرائے۔

عدالت نے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز ریسٹورینٹس بند کرنے پر ایک گھنٹے کا ریلیف دیتے ہوئے کہا کہ ان تینوں دنوں میں ریسٹورینٹس رات 11 بجے بند کیے جائیں جب کہ اتوار کے روز ابھی مارکیٹیں 10 بجے بند نہ کی جائیں۔عدالت نے کہا کہ اب ان احکامات پر عمل درآمد کی مانیٹرنگ کرنی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ماحولیات سے متعلق متعدد امور پر مفاد عامہ کی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ لاہور میں ہفتے میں کم از کم 3 روز اسکولز بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے جس کی تعمیل کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب نے لاہور کے اسکولز اور دفاتر ہفتے میں 3 روز بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

اس سے قبل کیس کی سماعت کے دوران جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے تھے کہ حکومت اسموگ پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔

مزیدخبریں