پاکستان میں مقدمے کرنے کا نیا ٹرینڈ شروع ہوگیا:اسلام آباد ہائیکورٹ

Dec 14, 2022 | 11:41 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری اطلاعات اور ایم ڈی پی ٹی وی و دیگر کے مقدمات پر عمل درآمد روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق دہشتگردی کے دونوں مقدموں کے مدعی کو بھی درخواست میں فریق بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔عدالت نے پٹشنرز کے خلاف آئندہ کسی بھی مقدمے کا اندراج عدالتی اجازت سے مشروط کردیا ہے۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دئیے کہ پی ٹی وی پر کوئی وزیر آکر بیان دیدےتو ایم ڈی پی ٹی وی مجرم ہوگا ؟ کوئی یہاں بار میں آکر تقریر کردے تو کیا ہمارےپر مقدمے بنیادیں گے؟اعظم سواتی پر ایف آئی آرز ہوتی ہیں تو یہ شور مچاتے ہیں اور خود یہ کام کررہے ہیں،ملک بھر درج مقدمے کے معاملے کو عدالت ہمیشہ کیلئے طے کرے گی ، پھر تو پنجاب والے سیکرٹری داخلہ اور ادھر والوں پر مقدمے بناتے رہیں اور یہاں والے پنجاب والوں پر۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور دگل نے کہا پنجاب کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری  ریمارکس دیئے کہ اگر صوبے ریکارڈ فراہم نہ کریں تو صوبوں کے ایڈوکیٹ جنرلز کو طلب کریں گے۔رپورٹ کیسے نہیں دینگے ؟کورٹ حکم دے گی نہیں مانیں گے تو توہین عدالت کا نوٹس جاری کریں گے،یہ طے ہونا چاہیئے کہ کیا ایک ٹی وی پروگرام یا وی لاگ پر پورے ملک میں پرچے ہونگے ،کسی کو مطیع اللہ جان کا پروگرام پسند نہیں آتا تو کیا 2 ہزار ایف آئی آرز درج کرادیں گے،وفاق کا صوبوں پر کوئی کنٹرول نہیں لیکن شہریوں کے تو حقوق ہیں۔

عدالت نے پاکستان بار کونسل ، اسلام آباد بار کونسل ، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کردیئے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدور کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں۔

مزیدخبریں