ایک نیوز نیوز: وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرین میں مالی امداد کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے جاری کردہ بیان کے مطابق حکومت پنجاب 55 ہزار سیلاب متاثرین میں 12 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کر رہی ہے۔ اب تک 23 ہزار 339 سیلاب متاثرین میں مالی امداد تقسیم کی جا چکی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مالی امداد کی تقسیم کا عمل رواں ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے نے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر صاف اور شفاف سروے کو یقینی بنایا۔ پنجاب میں پہلی بار سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو ڈیجیٹل طریقہ کار سے بینک آف پنجاب کے ذریعے مالی امداد تقسیم کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق امدادی رقوم وصول کرنے والے سیلاب متاثرین کا تمام تر ڈیٹا ویڈیو سمیت محفوظ کیا جا رہا ہے۔ رجسٹرڈ سیلاب متاثرین پاکستان بھر میں بینک آف پنجاب کی کسی بھی برانچ سے مالی امداد وصول کر سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایت پر بینک آف پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ قصبوں میں بینک آف پنجاب کے بوتھ بھی قائم کیے ہیں۔ بینک آف پنجاب کی جانب سے قائم کیے جانے والے بوتھ پر سیکیورٹی کے فول پروف انتطامات کیے گئے ہیں۔