ایک نیوز :یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 304 پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو اعزازات کے لیے منتخب کرلیا گیا۔
متعلقہ شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے پر اعزاز دینے کی تقریب 23 مارچ 2024 کو ہوگی۔جن شخصیات کو اعزاز سے نوازا جائےگا اُن میں 2 سابق وزرائے اعلیٰ شامل ہیں، انٹیلی جنس بیورو اور پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے افسران بھی اعزاز پانے والوں میں شامل ہیں، اعزاز پانے والوں میں ماہر تعلیم، سائنسدان، شاعر، صحافی اور اداکار بھی شامل ہیں، سعودی وزیر دفاع اور معاون وزیر دفاع، چینی نائب وزیراعظم اور سفارت کار کو بھی اعزاز عطا کیا جائےگا۔
منتخب ہونے والوں میں شاعر افتخار عارف، سابق ہاکی کپتان اصلاح الدین، سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، سینیٹر راجہ ظفرالحق، سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر کو نشان امتیاز دیا جائےگا، سعودی شہزادہ خالد بن سلمان، چینی نائب وزیراعظم ہی لیفنگ کو ہلال پاکستان عطا کیا جائےگا، سعودی عرب کے وزیردفاع انجینیئر طلال بن عبداللہ العتیبی کو ستارہ پاکستان سے نوازا جائےگا۔
ہلال قائداعظم 4 چینی سفارت کاروں لو ژاؤہوئی، ننگ جیژے، نونگ رونگ اور شازوکونگ کو دیا جائےگا۔
انسداد دہشت گردی کے 13 شہدا سمیت 18 اہلکاروں کو ستارہ شجاعت دیا جائےگا، آئی بی کے3 افسران طارق محمود، عامرنسیم اور ماجد سلیم ملک کو ستارہ شجاعت دیا جائے گا، آئی جی کے پی اختر حیات خان اور ڈی آئی جی کراچی مقدّس حیدرکو ستارہ شجاعت دیا جائےگا۔
17 پاکستانیوں کو ہلال امتیاز سے نوازا جائےگا، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، گلوکار راحت فتح علی سمیت17 پاکستانیوں کو ہلال امتیاز دیا جائےگا۔
معروف شاعر انور مسعود، اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کو ہلال امتیاز سے نوازا جائےگا، ٹریفک حادثے میں جاں بحق سابق وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کے لیے بھی ہلال امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے۔
فلم ڈائریکٹر سرمد سلطان کھوسٹ سمیت 50 کے قریب افراد کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائےگا، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، صحافی واصف ناگی، ڈی جی نیب وقار چوہان کو ستارہ امتیاز دیا جائےگا۔
مفتی منیب الرحمان، مرزا اختیاربیگ،کوہ پیمانائلہ کیانی، فہد ہارون، ڈاکٹر امجد سراج میمن اور دیگر کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔صحافیوں خالد مسعود خان، سہیل وڑائچ، سلمان غنی کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔
مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والے تقریباً 118 شہریوں کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔ صحافی غریدہ فاروقی، وقارستی، فاروق عادل، فہد حسین اور سلیم بخاری کوبھی تمغہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔